بھنڈی توری، بینگن اور ٹینڈے رواں ماہ کاشت کرنے کی ہدایت
بھنڈی توری کی بوائی کیلئے اچھے اگاؤ والا10سے 12کلو گرام بیج فی ایکڑ کافی ہوتا ہے ۔ "سبز پری"محکمہ کی سفارش کر دہ قسم ہے
لاہور(اے پی پی)کاشتکار موسم گرماکی پنجاب میں کاشت ہونے والی مقبول ترین سبزیاں بھنڈی توری،بینگن اور ٹینڈے جون اور جولائی میں کاشت کریں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بھنڈی کی زیادہ تر کاشت کمالیہ، ساہیوال، چشتیاں اور فیصل آباد میں کی جاتی ہے ۔ بھنڈی توری سال میں دو مرتبہ بڑی کامیابی کے ساتھ کاشت کی جاتی ہے ۔پہلی فصل وسط فروری سے مارچ کے آخر تک جبکہ دوسری فصل جون، جولائی میں کاشت ہوتی ہے ۔ ذرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین پیداوار کیلئے موزوں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھنڈی توری کی بوائی کیلئے اچھے اگاؤ والا10سے 12کلو گرام بیج فی ایکڑ کافی ہوتا ہے ۔ "سبز پری"محکمہ کی سفارش کر دہ قسم ہے ، یہ کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بینگن پاکستان کے تمام صوبوں میں کاشت کیا جاتا ہے ۔لیکن پنجاب میں بینگن بہاولپور، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں وسیع رقبے پر کاشت کیا جاتا ہے ۔ بینگن کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹینڈا موسم گرما کی بڑی اہم اور مقبول سبزی ہے ۔ ٹینڈے کا پھل وٹامن اے ، بی اور سی کا اہم ذریعہ ہے ۔ اسکی کا شت کیلئے گرم اور خشک موسم موزوں ہے ۔ پنجاب کے تقریباََ تمام میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بارانی علاقوں میں بھی کاشت کی جاتی ہے ۔محکمہ کی سفارش کردہ ٹینڈا کی قسم کا نام دلپسند ہے جسکا پھل گول اور ہلکے سبز رنگ کا ہوتاہے اور ذائقے میں بے مثال ہے ۔ اسکی پیداواری صلاحیت 10ٹن فی ایکڑ ہے ۔انہوں نے کہاکہ پچھیتی فصل وسط جون سے وسط جولائی تک کاشت کی جاتی ہے ۔ٹینڈے کی کا شت کیلئے زرخیز میرا زمین نہایت موزوں ہے ۔