چینی سرمایہ کاروں کیلئے ویزا کی سہولت آسان بنانے کی ہدایت
پچھلے ہفتے 25 چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ،میاں کاشف
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)پاکستان نے چینی سرمایہ کاروں کیلئے ویزا کی سہولت کو آسان بنانے کی ہدایات جاری کر دیں ۔ گوادر پرو کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ملک میں امن وامان میں بہتری لانے کیلئے کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ایف آئی ای ڈی ایم سی)کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ گزشتہ ہفتے 25 سے زائد چینی کمپنیوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف نے کہا کہ متعدد چینی اور دیگر غیر ملکی کمپنیاں شہر میں سرمایہ کاری کے لیے ایف آئی ای ڈی ایم سی سے رابطے میں ہیں۔