کھادکی درآمد کم،تمباکواورکھیلوں کے سامان کی برآمدبڑھ گئی
جولائی تا دسمبرکھاد کی درآمدات 8 لاکھ 97 ہزار 591 میٹرک ٹن تک کم ہو گئیں
اسلام آباد(اے پی پی)رواں مالی سال کھادوں کی درآمدات 24فیصد تک کم رہیں جبکہ کھیلوں کے سامان کی برآمد میں 2.49 اورتمباکو کی برآمد میں 42.85 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کھاد کی درآمدات 8 لاکھ 97 ہزار 591 میٹرک ٹن تک کم ہو گئیں جن کی مالیت 325.499 ملین ڈالر رہی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 433.052 ملین ڈالر مالیت کی 12 لاکھ 85 ہزار 603 میٹرک ٹن کھاد درآمد کی گئی تھی، اس طرح درآمدات میں 107.553 ملین ڈالر یعنی 24.84 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ،اس دوران زرعی مداخل وغیرہ کی درآمدات میں 5.93 فیصد اضافہ ہوا ۔ادھر پہلے 6ماہ کے دوران تمباکو کی برآمدات میں 42.85 فیصد اضافہ ہوا،6ماہ میں تمباکو کی برآمدات 20159 ڈالر رہیں جو گزشتہ سال 14112 ڈالر تھیں۔دوسری جانب دسمبر 2020 کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 2.49 فیصد اضافہ ہوا ،اعدادو شمار کے مطابق اس دوران برآمدات کاحجم 3.5 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ نومبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم 3.4 ارب روپے رہا تھا۔