سگریٹ کی غیر قانونی تجارت روکی جائے ،معاشی تجزیہ کار
کراچی(بزنس رپورٹر)معاشی تجزیہ کار وں نے سگریٹ پر ہیلتھ ٹیکس سے زیادہ سگریٹ کی غیر قانونی تجارت روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
تجزیہ کار وں کے مطابق سگریٹ پر ہیلتھ ٹیکس پہلے سے ٹیکس کے بوجھ تلے دبے ہوئے شعبے پر ٹیکس بڑھانے کے مترادف ہوگا۔معیشت کے کچھ شعبوں میں ٹیکس چوری کا تناسب بہت زیادہ ہے جن میں سے تمباکو کا شعبہ سرفہرست ہے ،40فیصد سگریٹ ٹیکس ادا کیے بغیر غیرقانونی طریقے سے فروخت کی جاتی ہے ۔صحت عامہ کے تحفظ کیلئے سرگرم تنظیمیں حکومت پر زور دے رہی ہیں کہ حکومتی آمدن بڑھانے اور استعمال میں کمی لانے کیلئے سگریٹ پر ہیلتھ ٹیکس نافذ کریں ۔معاشی تجزیہ کار وں کے مطابق ہیلتھ ٹیکس نافذ کرنے سے بھی مذکورہ بالا دونوں مقاصد ناقابل حصول رہیں گے کیونکہ ٹیکسوں میں مسلسل اضافے کے باوجود پاکستان میں سگریٹ کی کھپت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور سالانہ کھپت 80ارب اسٹکس پر برقرار ہے ۔