ڈیلرز کا سستی پٹرول اسکیم پر عملدرآمد سے انکار

ڈیلرز کا سستی پٹرول اسکیم پر عملدرآمد سے انکار

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کا سستا پٹرول پراجیکٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے ۔

مذکورہ پراجیکٹ کو پٹرولیم ڈیلرز اورعوام کے درمیان متوقع بڑے تنازعے کا سبب بھی قرار دیدیا ہے ۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے بانی رکن اورسینئر رہنما ملک خدا بخش نے پیرکو اپنے دفتر میں میڈیاسے بات چیت میں کہا کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ممبران حکومت کی جانب سے سستا پٹرول اسکیم کے اعلان سے بے پناہ پریشان ہیں اور مسلسل ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان سے رابطے میں ہیں۔ وزیرپٹرولیم گزشتہ دنوں کراچی آئے تھے اورایسوسی ایشن کے وفد نے ان سے ملاقات کی تھی جس میں پی ایس او کے ایم ڈی،او سی اے سی کے سیکریٹری اور وہ خود بھی یہاں موجود تھے ۔وزیرپٹرولیم نے جب سستا تیل پالیسی پر بات کی تو ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے وزیرپٹرولیم کو واضح طور پر کہا کہ ا س معاملے میں حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیااورہم اس پالیسی کو سمجھے بغیر اس پر عملدرآمد سے قاصر ہیں جب کہ ہم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے تو اس معاملے میں حکومت نے ہمیں علیحدہ کیوں کیا،جس پر وزیرپٹرولیم نے وعدہ کیا کہ پالیسی تیار ہورہی ہے اورہم ایسوسی ایشن سے ضرور بات کریں گے لیکن اس کے باوجود وزیر پٹرولیم نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اور سستا پٹرول کی فراہمی کے حوالے سے متضاد بیانات آرہے ہیں۔ملک خدابخش نے کہا کہ افسوس تو اس بات کا ہے کہ حکومت سستا پٹرولیم فراہمی پراجیکٹ کو پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بغیر لاگو کرنا چاہتی ہے جو ناممکن ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ سستا پٹرولیم پراجیکٹ کی تمام تر ادائیگیوں کا دباؤ پٹرولیم ڈیلرز پر پڑے گا کیونکہ پٹرول پمپس مالکان ایک پیسہ بھی ادھار نہیں دے سکتے کیونکہ موجودہ پٹرولیم مارکیٹ کی صورتحال اس وقت انتہائی پریشان کن ہے ،روپے کی نسبت ڈالر مسلسل تیزی کی جانب جارہا ہے ۔آئل کمپنیوں کے مسائل ہیں اور حکومت بھی مشکلات میں گھری ہوئی ہیں، ایسی صورت میں پٹرولیم ڈیلرز کس طرح سے ادھار پٹرول فراہم کرپائیں گے ،اس لئے بہت سوچ سمجھ کر اس منصوبے پر کام کیا جائے اور وزیر پٹرولیم چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور دیگر عہدیداران سے مشاورت کے بغیر سستا پٹرول پراجیکٹ کو شروع کرنے سے اجتناب برتیں۔دوسری صورت میں پٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے مابین بہترین تعلقات کو ضرب لگے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں