پیمنٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر انٹرچینج فیس میں کمی

پیمنٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر انٹرچینج فیس میں کمی

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے پیمنٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر مرچنٹس کی جانب سے صارفین سے کی جانے والی اضافی کٹوتی کم کرنے کیلئے انٹرچینج ادائیگی فیس میں کمی کردی، مرچنٹس ڈسکاؤنٹ ریٹ کی کم سے کم 1.5فیصد شرط بھی ختم کردی گئی۔ اسٹیٹ بینک نے ڈیبٹ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے لین دین کو بڑھانے اور مرچنٹس کی لاگت کم کرنے کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے ۔

 اسٹیٹ بینک نے بینکوں، مالیاتی اداروں، پوائنٹ آف سیلز سروس فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز، الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر کٹوتی کی شرح کم کردی ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے ڈیبٹ اور پری پیڈ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر انٹرچینج ادائیگی فیس (آئی آر ایف)میں کمی کا اعلان کردیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے ملکی سطح جاری کردہ کارڈز کے مقامی استعمال پر آئی آر ایف کی شرح کم کردی ۔ ڈیبٹ کارڈز کے استعمال پر آئی آر ایف کی مد میں مرچنٹس سے 0.2فیصد کی کٹوتی ہوگی۔کریڈٹ کارڈز کے استعمال پر آئی آر ایف کی مد میں مرچنٹس سے 0.7فیصد کٹوتی ہوگی۔مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ کی کم سے کم 1.5فیصد کٹوتی کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک نے ای کامرس پلیٹ فارمز اور آن لائن پیمنٹ آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ 30جون 2023سے پے پاک کارڈز سے وصولی کو یقینی بنائیں۔ کارڈز کے بغیر ٹرانزیکشنز کی سہولت بھی فراہم کی جائے ۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل، آن لائن وصولیوں کو فروغ ملے گا۔ ڈیبٹ کریڈٹ کارڈز پر مرچنٹس کی لاگت کم ہوگی۔ واضح رہے کہ ڈیبٹ کریڈٹ کارڈز استعمال کرنے پر مرچنٹس صارفین سے 2.5فیصد تک ا ضافی رقم وصول کررہے تھے اور متعدد عوامی سہولتوں پٹرول پمپس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور ریسٹورنٹس اور دکانوں پر ڈیبٹ کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی نہیں لی جاتی کیونکہ مرچنٹس کو ان ادائیگیوں پر 2.5فیصد تک کٹوتی کرانی پڑتی تھی۔ اسٹیٹ بینک کے اس اقدام سے اس کٹوتی میں نمایاں کمی آئیگی اور مرچنٹس بینکوں کے ساتھ ڈسکاؤنٹ ریٹ پر بھی بات چیت کرکے کم ریٹ مقرر کراسکیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں