یارن مرچنٹس نے بجلی، گیس نرخ میں اضافہ مسترد کردیا

 یارن مرچنٹس نے بجلی، گیس نرخ میں اضافہ مسترد کردیا

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسو سی ایشن (پائما)کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے بجلی و گیس نرخ میں بے انتہا اضافہ مسترد کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے کاروبار و صنعت کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے۔

 انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان سے اپیل کی کہ ملک میں جاری سنگین معاشی بحران کے پیش نظر کاروبار کرنے اور پیداواری لاگت میں کمی کے اقدامات کیے جائیں اور بجلی، گیس کو مہنگی سے مہنگی تر کرنے کے بجائے نرخوں کو کم کیا جائے تاکہ کاروباری و پیداواری لاگت کوکم کیا جاسکے اور صنعتیں اپنی بقا قائم رکھ سکیں۔ پائما کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے اپیل میں کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی قدر میں بے پناہ اضافے نے پہلے ہی خام مال کے درآمدکنندگان کیلئے مشکلات پیدا کی ہوئی ہے کیونکہ ڈالر کی عدم دستیابی کی وجہ سے بندرگاہوں پر درآمدی خام مال کے کنٹینرز پھنس کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو بھاری ڈیمرج اور ڈیٹنشن کی مد میں خطیر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے لہٰذا ایسی صورتحال میں بجلی و گیس نرخوں میں400 فیصد سے زائد اضافہ کاروباری وپیداواری لاگت میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ کردے گا جس کے صنعتوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے اور برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوں گی۔انہوں نے حکومت سے اپیل میں کہا کہ کاروبار و صنعت کو تباہی سے بچانے اور معیشت کی دوبارہ بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، خاص طور پر یوٹیلیٹی چارجز میں کمی کی جائے ، بصورت دیگر کاروبار کرنا اور صنعتیں چلانا دشوار ہوجائے گا جس کے برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جبکہ لاکھوں ورکرز کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں