فوڈ سیکیورٹی کاخطرہ،زرعی ایمرجنسی لگائی جائے ،کسان اتحاد

فوڈ سیکیورٹی کاخطرہ،زرعی ایمرجنسی لگائی جائے ،کسان اتحاد

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کو ترقی نہ دی ،پیداوار نہ بڑھی تو فوڈ سیکیورٹی خطرے میں پڑ جائیگی،اس سے زیادہ خطرناک صورتحال پاکستان میں نہیں ہوسکتی۔۔

دہشت گردی کی 17 سال کی جنگ میں کوئی بھوک سے نہیں مرا۔ کورونا کی صورتحال میں بھی ایسی صورتحال نہ تھی جو آج ہے ،فوری طور زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے ۔بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ ہرسال آبادی میں 50 لاکھ تک اضافہ ہورہاہے لیکن زراعت نہیں بڑھ رہی،آٹا لینے کیلئے قطاروں میں لوگ مررہے ہیں، جو ہمارے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم دالیں خوردنی تیل کپاس درآمد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے ہم دنیا سے بہت پیچھے ہیں،تھرڈ کلاس گندم درآمد کررہے ہیں جبکہ ہماری گندم سونا ہے ، کسان اپنی زمین کہیں نہیں منتقل کرسکے ، ہمارا جینا مرنا پاکستان ہے ، خدا کیلئے زراعت پر توجہ دیں ۔خالد محمود کھوکھر نے کہاکہ بھارت کے کاشتکاروں کو سستی ان پٹ سبسڈی پر مل رہی ہے ،ہمیں دنیا میں زراعت کی ترقی کا ماڈل اپنانا ہوگا  ۔صدرکسان اتحاد نے کہا کہ کسان کو گندم کی قیمت 2200 صارفین کو 4500 میں ملتی ہے ۔جدید مشینری اور ٹیکنالوجی اختیار کرنا ہوگی ، سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہم ہیں، آرمی چیف نے ہم سے بات نہیں کی ۔ آرمی چیف سے اپیل ہے کہ کسانوں کے ساتھ مل کر بنجر رقبوں کو زیر کاشت لائیں۔

کسان اتحاد

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں