مہنگی گیس وبجلی مہنگائی کی بنیاد،قیمتیں کم کی جائیں ، انجمن تاجران

 مہنگی گیس وبجلی مہنگائی کی بنیاد،قیمتیں کم کی جائیں ، انجمن تاجران

لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے چیمبرز ،تاجر تنظیموں اور مختلف ایسوسی ایشنز کی تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنانے کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا۔۔۔

 کہ امید ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کاروباری طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈالے گی ، گیس کی قیمتوں میں 50فیصد ،فیول ایڈ جسٹمنٹ اور سہ ماہی بنیادوں پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ نا قابل برداشت ہے اور یہی مہنگائی کی بنیاد ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام اور تاجر طبقہ پس چکا ہے ، تاریخی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کی وجہ سے کاروبار میں تسلسل کے ساتھ مندی کا رجحان ہے۔ وزیر خزانہ کا یہ بیان کہ چیمبرز، تاجر تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کی قابل عمل تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا جائے گا خوش آئند ہے ، حکومت ایسا بجٹ پیش کرے جس سے کاروبار کرنے کی فضاء بنے ۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود میں بھی کمی کی جائے اور اسے جلد سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ لوگ کاروبار کرنے کیلئے بینکوں سے قرض لے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے اور بجلی کی قیمتوں میں بھی کم از کم 40فیصد کمی کی جائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں