اسٹاک ایکسچینج :ایک ہفتے میں انڈیکس 667پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی ( آن لائن)اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے زبردست تیزی کا رجحان رہا ۔کے ایس ای 100 انڈیکس 667 پوائنٹس کے اضافے سے 46421 پوائنٹس پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 101ارب روپے کا منافع ہواجس سے سرمائے کا مجموعی حجم68کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔
جب کہ 51.28فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ ماہرین کے مطابق روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں گراوٹ ،مہنگائی میں کمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور آئی ایم ایف کی سربراہ سے نگراں وزیر اعظم کی ملاقات سے وابستہ توقعات پراسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ زبردست تیزی کا رجحان رہاتاہم آئی ایم ایف کی ریونیو بڑھانے کے حوالے سے سختی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد معیشت پر پڑھنے والے منفی اثرات اسٹاک مارکیٹ کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ہفتہ واررپورٹ کے مطابق کے ایس ای 30انڈیکس168پوائنٹس کے اضافے سے 16260پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 30472پوائنٹس سے بڑھ کر31002پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی سرمایہ 68کھرب73ارب روپے ہوگیا۔ گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 6ارب روپے مالیت کے 17کروڑ28لاکھ94ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 3ارب روپے مالیت کے 10کروڑ34لاکھ94ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ مجموعی طور پر 1595کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 818کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 642میں کمی اور135 میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے پاک ریفائنری ،سرل ،ایگری ٹیک لمیٹڈ ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،ڈی جی کے سیمنٹ،بینک اسلامی ،دیوان موٹرز ،میپل لیف ،ٹریٹ کارپوریشن ،سوئی ناردرن گیس ،یوسف ویوننگ ،سنر جیکو پاک،پاک پٹرولیم ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،نشاط چونیاں پاور ،دی آرگینک میٹ ،سیمرٹی گروپ ،ٹی پی ایل پراپرٹیز ،ویوز کارپوریشن لمیٹڈ ،حب پاور اورکے الیکٹرک لمیٹڈ سر فہرست رہے ۔