باہمی تجارت کے نئے راستے تلاش کئے جائیں، بنگلہ دیشی سفیر
کراچی(آن لائن)بنگلہ دیش کے سفیرروہل عالم صدیقی نے کہاہے کہ سارک کے ممبر ممالک کو تجارت کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے۔
بنگلہ دیش اس شعبے میں پاکستان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے فروغ کیلئے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔یہ بات انہوں نے پاکستان ایسوسی آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس کی سربراہی میں وفدسے ملاقات میں کہی۔ سفیرروہل عالم صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت، زراعت، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، تعمیراتی اور توانائی کے شعبے بالخصوص قابل تجدید توانائی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کا فروغ علاقائی اور عالمی تجارتی انضمام اور روابط میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔ ملاقات میں خورشید برلاس نے سفیر کونومبر میں ہونے والی پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی تیسری پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن نمائش کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تیسری پاکستان انٹرنیشنل نمائش میں بنگلہ دیشی سفیر کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا جسے بنگلہ دیش کے سفیر نے قبول کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس نمائش میں اپنی شرکت کو یقینی بنائینگے ۔