جدت کاری سے برآمدات کو کئی گنا بڑھا سکتے ،زبیر موتی والا
لاہور (آئی ا ین پی)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی دنیا میں پاکستان کی ثقافت کے طو رپر منفرد پہچان ہے ،وقت کے ساتھ جدت کاری نا گزیر ہے اور اس کے ذریعے ہی ہم اپنی برآمدات بڑھا سکتے ہیں۔
اس صنعت کی گزشتہ سال برآمدات کا حجم72ملین ڈالر رہا جسے بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے اپنا مالی اور تکنیکی تعاون پیش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز کے زیر اہتمام ہاتھ سے بنے قالینوں کی 39ویں عالمی نمائش کے افتتاح کے موقع پرکیا ۔ اس موقع پرچیئرمین کارپٹ ایسوسی ایشن نعیم کھوکھر ، سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف، وائس چیئرمین ظفر ادریس سولیجا اورچیئر مین کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ تین روزہ نمائش میں 65اسٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ 25ممالک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدار شریک ہیں ۔