نئی صنعتی پالیسی میں ایس ایم ایز پر توجہ دینے کا مطالبہ
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے نئی صنعتی پالیسی کی تشکیل کیلئے وفاقی وزیر تجارت کی سربراہی میں انڈسٹری ایڈوائزری کونسل کی تشکیل کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا۔۔
کہ نئی صنعتی پالیسی میں ایس ایم ایز کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے جس سے معیشت کی بحالی کی راہ ہموار ہو گی اور ملک مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔اپنے بیا ن میں احسن بختاوری نے کہا کہ ایس ایم ایز ہماری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں کیونکہ یہ کاروباری ادارے معاشی سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، غربت میں کمی اور اختراع کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ نئی پالیسی میں ایس ایم ایز کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی بہتر ترقی کی راہ ہموار کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔