اقتدار چھوڑ کر حزب اختلاف میں شامل ہونا اصولوں کی بات،خرم اعجاز
کراچی (بزنس ڈیسک) بزنس مین پینل پروگریسیو کے کوآرڈی ینٹر خرم اعجاز نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات برائے 2024-25کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔ہمارا اقتدار کو چھوڑ کر حزب اختلاف میں شامل ہونا اصولوں کی بات ہے۔۔
اقتدار کو کوئی قربان نہیں کرنا چاہتا اور فیڈریشن کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یوبی جی اور بی ایم پی پروگریسو الائنس کو بڑے پیمانے پر سراہتے ہوئے موجودہ سنگین معاشی حالات میں دونوں گروپ کے الائنس کو خوش آئند قرار دیا جارہاہے ۔یوبی جی اور بی ایم پی پروگریسیو کے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں نامزد امیدوار برائے صدر عاطف اکرام، امیدوار برائے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، امیدوار برائے نائب صدور آصف انعام، ذکی اعجاز، آصف سخی،امان پراچہ ،عبدالمومن اور زین افتخار چودھری کو ٹریڈ باڈیز میں زبردست پذیرائی حاصل ہوچکی ہے اور ملک بھر سے ٹریڈ باڈیز نے مکمل حمایت اور ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ کوآرڈی نیٹر عدیل صدیقی نے کہا کہ گیس نرخوں میں ہو شربا اضافے سے انڈسٹریز کیلئے مسائل کھڑے ہو گئے ہیں،تاجروں کے اسٹاک پر چھا پے مارے جا رہے ہیں، تاجر برادری کو محکمے تنگ کر رہے ہیں، ایسے حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔