یواے ای سرمایہ کاری معیشت کو نئی جہت دیگی،احسن ظفر
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے نئے باب کا آغاز ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو ایک نئی جہت دے گی۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی طرف سے معاہدوں پر وزیراعظم، آرمی چیف اور یو اے ای سفیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،امید ہے یو اے ای کے بعد کویت سے بھی سرمایہ کاری معاہدے خوش اسلوبی سے طے پائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور ایس آئی ایف سی کے سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں،معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے ، معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی بلندی اور سرمایہ کاری معاہدے حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہیں۔