پاکستان اور مشرقی افریقی ممالک میں دوطرفہ تجارت بڑھ گئی

 پاکستان اور مشرقی افریقی ممالک میں دوطرفہ تجارت بڑھ گئی

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اور مشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ہواہے ، مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کو برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر44.50فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں کینیا، تنزانیہ اورمشرقی افریقہ کے دیگرممالک کو برآمدات سے ملک کو 598.17 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.50فیصد زیادہ ہے ، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کا حجم 413.94 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ فروری میں مشرقی افریقہ کو برآمدات سے ملک کو72.60 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوجنوری میں 91.67 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 50.06 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات کاحجم 650.47 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مشرقی افریقہ سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5.21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں