سٹاک مارکیٹ میں تیزی ، 72 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

سٹاک   مارکیٹ    میں     تیزی   ،     72     ہزار    پوائنٹس    کی    حد   بھی   عبور

کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) نئی حکومت کی تشکیل کے بعد کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ نے بدھ کو ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔

کے ایس ای 100انڈیکس پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیں ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 72400 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر گیا ،بعدازاں بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی مگر کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہی بند ہوا ۔تجزیہ کار شہر یار بٹ نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ مارکیٹ میں تیزی کی مختلف وجوہات ہیں۔سب سے بڑی وجہ تو وزیر خزانہ کا دورہ واشنگٹن ہے جس میں ا نہوں نے عالمی مالیاتی اداروں بشمول آئی ایم ایف حکام سے ملاقاتیں کیں جس کے بعد پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے ایک طویل مدتی پروگرام کے امکانات کافی بڑھ گئے ۔ شہریار کے مطابق ان امکانات اور اس ضمن میں ہونے والے اعلانات نے سرمایہ کاروں میں اعتماد کو بحال کیا ہے جس کا اظہار اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق اعلانات نے بھی بہتری کی راہ ہموار کی ہے ۔شہریار بٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں کمی کی وجہ سے شرح سود میں کمی کا امکان بھی ہے اور اس وجہ سے بھی مارکیٹ میں تیزی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ۔شہر یار بٹ نے بتایا کہ بینکوں کے حصص میں تیزی دیکھی گئی جس کی وجہ بینکوں کی جانب سے اچھے مالیاتی نتائج کا اعلان ہے جس میں سرمایہ کاروں کے لیے 

منافع کا اعلان کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح سود میں کمی کی توقعات پر تعمیراتی شعبے کی کمپنیوں جن میں سیمنٹ، گلاس اور سیرامکس کے حصص شامل ہیں، ان میں تیزی دیکھی گئی ۔تجزیہ کار کے مطابق ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھنے کی وجہ سے اس شعبے کی کمپنیوں کے حصص میں بھی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 692پوائنٹس کے اضافے سے 71359پوائنٹس سے بڑھ کر72051 پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس240پوائنٹس کے اضافے سے 23807پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 46865پوائنٹس سے بڑھ کر47172 پر جا پہنچا ۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ سرمائے میں 64ارب روپے سے زائد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 99کھرب69ارب روپے ہوگیا۔ بدھ کو 24ارب روپے مالیت کے 59کروڑ94لاکھ1ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 382کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 218کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،139میں کمی اور25 میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے پاک انٹر نیشنل بلک 5کروڑ45لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ4کروڑ1لاکھ ،ائر لنک کمیونی کیشن 2کروڑ59لاکھ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ41لاکھ اور ٹیلی کارڈ لمیٹڈ1کروڑ76لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں