اسحاق ڈار سے سعودی ہم منصب کی ملاقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے دو طرفہ ملاقات کی، ملاقات گیمبیا کے شہر بنجول میں 15 ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر خارجہ نے "ویژن 2030" کی تعریف کی، ویژن کا مقصد 21ویں صدی میں مملکت کی سماجی و اقتصادی تبدیلی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے حالات سمیت امت مسلمہ کے مسائل پر او آئی سی کے اہم کردار کو بھی نوٹ کیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں