کسانوں کی محنت کو کسی کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا: وزیراعظم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گندم کی خریداری پر پیش رفت اور بار دانے کے حصول میں کسانوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے لاہور میں گندم کی خریداری کے حوالے سے پیش رفت اور کسانوں کو بار دانے کے حصول میں مشکلات پر اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کیلئے کسانوں کو بار دانے کے حصول میں مشکلات کیونکر درپیش ہیں؟

شہبازشریف نے کہا کہ کسانوں کو انکی محنت کا معاوضہ بروقت پہنچائیں گے، اللہ کے فضل و کرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے، کسانوں کی محنت کو کسی کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا، کسانوں کے معاشی تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ افسران گندم کی خریداری کی موقع پر جا کر خود نگرانی کریں، وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پاسکو کے تحت 1.8 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریداری کرنے جارہی ہے جس کا مقصد کسانوں کو بھرپور فائدہ پہنچانا ہے۔

وزیراعظم نے گندم کی خریداری کے حوالے سے کسانوں کو سہولت یقینی بنانے اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ کی کمیٹی قائم کردی جو چار روز میں کسانوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس کو گندم کی خریداری کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی طور آگاہ کیا گیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں