سندھ :کاٹن فیکٹریوں کی ہڑتال،کپاس کی خریداری بند

 سندھ :کاٹن فیکٹریوں کی ہڑتال،کپاس کی خریداری بند

جھڈو(نمائندہ دنیا)ضلع میرپورخاص سمیت سندھ بھر میں ٹیکسز میں اضافے کے خلاف کاٹن فیکٹریوں کی جاری ہڑتال کے۔

 باعث تاجروں سے کپاس کی خریداری روک دی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کاٹن فیکٹریوں پر عائد ٹیکس میں کئی گناہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس پر کاٹن فیکٹری مالکان نے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرتے ہوئے فیکٹریوں کو بند کرکے کپاس کی خریداری روک دی ہے ۔کاٹن فیکٹریوں کی ہڑتال کے بعد تاجروں نے بھی آبادگاروں سے کپاس کی خریداری بند کر دی جس سے آبادگاروں کو شدید مشکلات ، پریشانیوں اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،اس وقت زیر سندھ کے علاقوں میں کپاس کی پیداوار شروع ہو چکی ہے اور آبادگار ممکنہ بارشوں کے پیش نظر کھیتوں سے کپاس کی چنائی کروا رہے ہیں لیکن کاٹن فیکٹریوں کی ہڑتال کے سبب تاجر بھی کپاس کی خریداری نہیں کر رہے ہیں۔ تاجروں کے مطابق مطالبات تسلیم ہونے تک کاٹن فیکٹریاں کپاس نہیں خرید یں گی ،جس کے سبب ہم نے بھی خریداری بند کر رکھی ہے جبکہ کچھ تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ آبادگاروں سے چھ ہزار پانچ سو سے لے کر 7 ہزار تک کپاس خرید رہے ہیں ،تاکہ آباد گاروں کا بھی گزر بسر چلتا رہے جبکہ کچھ تاجر آبادگاروں سے امانت کے طور پر کپاس لے رہے ہیں کہ جب بھی فیکٹریوں نے خریداری شروع کی تو اس وقت جو بھی ریٹ ہوگا اس کے حساب سے ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں