پہلی بار آج ووٹنگ کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا انتخاب
لاہور(محمد اشفاق سے)لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج اور قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم میں سے ایک کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کیلئے جوڈیشل کمیشن میں ووٹنگ آج ہوگی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کیلئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج دوپہر 3بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوگا ،لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے طریقہ کار تبدیل کردیا گیا، پہلی مرتبہ سینئر جج کو نامزد کرنے کے بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا انتخاب ہوگا، اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت علی خان ، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم کے ناموں پر غور ہوگا، جوڈیشل کمیشن کے ممبران کی تعداد چیف جسٹس پاکستان سمیت مجموعی طور پر 12 ہے، ان میں سپریم کورٹ کے ٹاپ 5ججز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی جسٹس امین الدین خان، 2 ریٹائرڈ ججز ،جسٹس (ر) منظور احمد ملک اور جسٹس (ر) سردار طارق مسعود، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑاور صوبائی وزیر قانون ملک شعیب، اٹارنی جنرل، ممبر پاکستان بار کونسل اختر حسین اور ممبر پنجاب بار کونسل اسد محمود عباسی شامل ہیں، اجلاس میں سب سے پہلے سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان سے متعلق ووٹنگ ہوگی اگر جسٹس شجاعت علی خان اکثریت کا اعتماد حاصل کرلیتے ہیں تو پھر انہیں چیف جسٹس نامزد کردیا جائے گا، آگے والے دو امیدواروں پر ووٹنگ نہیں ہوگی اور اگر اکثریت حاصل نہ کر سکے تو پھر جسٹس علی باقر نجفی کے نام پر ووٹنگ ہوگی وہ بھی اکثریت حاصل نہ کر سکے تو پھر جسٹس عالیہ نیلم کے نام پر ووٹنگ ہوگی ،کمیشن کے ممبران کی اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار کوچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کردیا جائے گا۔