متنازع ایس آر او 350پر فوری نظر ثانی کرنے کی استدعا

کراچی (آن لائن)کراچی چیمبر کے صدر افتخار احمد شیخ نے ایف بی آرپر زور دیا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے متنازع ایس آر او 350پر فوری نظر ثانی کرے۔
جو اب تک حل طلب ہے جس نے ایک ہیجانی صورتحال پیدا کر دی ہے۔صدر کے سی سی آئی نے چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ کو ارسال کیے گئے خط میں درخواست کی کہ وہ جلد از جلد کے سی سی آئی کا دورہ کریں تاکہ اس اہم مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے ، اگر چیئرمین ایف بی آر کیلئے اسلام آباد میں کسی اور مصروفیت کی وجہ سے کے سی سی آئی کا دورہ کرنا ممکن نہ ہو تو اس سنگین مسئلے پر تبادلہ خیال اور حل نکالنے کے لیے فوری آن لائن اجلاس بلایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بگڑتی صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایس آر او 350 سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے کراچی میں یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے ادارے بشمول ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک بھی اپنے سیلز ٹیکس گوشوارے بروقت فائل کرنے سے قاصر رہے ۔