بارشوں میں سبزیاں مہنگی ،ٹماٹر کی ڈبل سنچری

بارشوں میں سبزیاں مہنگی ،ٹماٹر کی ڈبل سنچری

کراچی (آن لائن )بارشوں کے باعث کراچی کو سبزی کی فراہمی میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سبزی فروشوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق سبزی فروشوں کی جانب سے سرکاری نرخ نامے سے دگنے داموں پر سبزیوں کی فروخت کی جاری ہے اور بعض اشیا کی قیمت 3 گنا زائد وصول کی جارہی ہے ۔کراچی میں ٹماٹر ایک بار پھر ڈبل سنچری مکمل کر گیا ، کریلے 250، بھنڈی 350 روپے کلو فروخت ہونے لگی۔سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر کی قیمت 110روپے درج ہے تاہم شہر میں ٹماٹر 200 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے ، اسی طرح کھیرا 60کے بجائے 100روپے ، اروی 130کے بجائے 200 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔ سرکاری لسٹ میں پھول گوبھی کی قیمت 50 اور 80 روپے مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 150روپے فروخت ہو رہی ہے ، بند گوبھی 60 کے بجائے 150روپے میں کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔ لوکی 80 روپے کے بجائے 120روپے کلو فروخت ہو رہی ہے ، توری 50کے بجائے 120 سے 150 روپے فروخت ہورہی ہے ، ٹنڈے 100 روپے کی سرکاری قیمت کے برعکس 200روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔سبزی فروشوں کا کہنا تھا کہ منڈی میں سپلائی کم ہونے کی وجہ سے بیوپاری من مانی قیمت وصول کر رہے ، جس کا اثر خوردہ سطح پر بھی پڑ رہا ہے،بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں