دبئی بینک ،زیڈ ایل کے اسلامک فنانشل سروسزمیں معاہدہ

دبئی بینک ،زیڈ ایل کے اسلامک فنانشل سروسزمیں معاہدہ

کراچی(بزنس ڈیسک) دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ (ڈی آئی بی پی ایل)اور پاکستان کی پہلی شریعہ کمپلائنٹ بروکریج فرم زیڈ ایل کے (ZLK) اسلامک فنانشل سروسز کے درمیان معاہدہ طے پاگیاجس کا مقصد شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی رسائی میں اضافہ کرنا ہے ۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کراچی میں دبئی اسلامک بینک کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرجنید احمد اور زیڈ ایل کے اسلامک فنانشل سروسز کے چیئرمین زاہد لطیف خان نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر زیڈ ایل کے فنانشل سروسز کے چیف آپریٹنگ آفیسراشفاق احمد خان اور دبئی اسلامک بینک میں کنزیومر بینکنگ کے سربراہ نوید ملک بھی موجود تھے۔ اس اسٹریٹجک تعاون کا مقصد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز اور مقامی کلائنٹس سمیت دبئی اسلامک بینک کی وسیع کسٹمر بیس کیلئے شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی مصنوعات تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے ۔معاہدے کے تحت صارفین، سود سے پاک، مختلف اقسام کی مالیاتی مصنوعات مثلاشیئرز، حکومت پاکستان کے اجارہ صکوک، ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز ، اور مرابحہ شیئر فنانسنگ (MSF) میں سرمایہ کاری کرکے بروکریج کی خدمات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔جنید احمدنے کہا کہ دبئی اسلامک بینک جدید اسلامی بینکاری حل متعارف کرانے اور اُسے فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے ۔ زیڈ ایل کے اسلامک فنانشل سروسز کے ساتھ یہ تعاون مزید جدید مالیاتی مصنوعات تک رسائی کو بڑھانے ، مالی شمولیت اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ نوید ملک نے کہا کہ زیڈ ایل کے کے ساتھ ہماری شراکت کا مقصد صارفین کو ان کی سرمایہ کاری پر حلال منافع حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے ۔ زاہد لطیف خان نے کہاکہ ہم دبئی اسلامک بینک کے ساتھ شراکت کرکے اپنی بروکریج سروسز کو بہتر بنانے اورکلائنٹس کو شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے پرُجوش ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں