کاروں کی فروخت 36 فیصد کم، 8589 یونٹس ریکارڈ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کاروں، اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو ویز)، پک اپس اور وینز کی فروخت جولائی میں 8 ہزار 589 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیادوں پر60 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 36 فیصد کمی ظاہر کرتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جولائی میں کاروں کی فروخت میں کمی کو بنیادی طور پر مالی سال 25 کے بجٹ میں نافذ کردہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافے کو قرار دیا جا سکتا ہے ، نتیجتاً مالی سال 24 کے آخری مہینے میں زیادہ خریداری کی گئی جس کے سبب جون میں فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما)کے مطابق، ٹویوٹا کرولا، ٹویوٹا یارِس اور کرولا کراس کی فروخت جولائی 2024 میں ایک ہزار 106یونٹس تک پہنچ گئی، جس کا حجم جولائی 2023 میں ایک ہزار 67 رہا تھا، ٹویوٹا فارچیونر اور ریوو کی فروخت مذکورہ مدت میں 301 یونٹس سے بڑھ کر 558 ہوگئی، تاہم انڈس موٹر کمپنی کی کل فروخت جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر 44 فیصد کم رہی۔