ڈالر مسلسل پانچویں روزتنزلی کاشکار ،تولہ سونا 1700 روپے مہنگا

ڈالر مسلسل پانچویں روزتنزلی کاشکار ،تولہ سونا 1700 روپے مہنگا

کراچی(بزنس ڈیسک،آن لائن)پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں مسلسل پانچویں دن ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔آئی ایم ایف قرض پروگرام کی منظوری ملنے کے بعد ملٹی لیٹرل اور بائی لیٹرل فنڈز کے ممکنہ اجراء،انفلوز بڑھنے سے رسد بڑھنے۔۔

 اور عالمی مارکیٹ میں پانڈہ بانڈز متعارف ہونے کی اطلاعات سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 20 پیسے کی کمی سے 277 روپے 96 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی بڑھتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 04 پیسے کی کمی سے 278 روپے 12 پیسے کی سطح پر بند ہوئے ۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280 روپے 75 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔گزشتہ 7 ہفتوں سے تسلسل کے ساتھ سرکاری زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور خام تیل عالمی قیمتوں میں کمی کا رحجان بھی روپے کے استحکام کا باعث بن رہا ہے ۔دوسری جانب سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے اور فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 2 لاکھ 68 ہزار روپے پر جاپہنچا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 1 ہزار 700 روپے کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 68 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پرجاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونا بھی 1458 روپے کے نمایاں اضافے کے بعد 2 لاکھ 29 ہزار 767 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں