خام پنک نمک کی برآمد پر پابندی کے فیصلے پرتشویش کااظہار

 خام پنک نمک کی برآمد پر پابندی کے فیصلے پرتشویش کااظہار

کراچی (آن لائن)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی)کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے نمک کی صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خام پنک ہمالیائی نمک کی برآمد پر ممکنہ پابندی کے ۔۔

حالیہ اعلان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا مطالبہ کیا ہے ، تاکہ نقصان دہ فیصلوں سے بچا جا جاسکے ۔ایک بیان میں اسماعیل ستار نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کے بیان پر حیرت ہے جس میں نمک کی صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ہم پنجاب حکومت کے ساتھ اجلاس بلانے کی توقع کررہے تھے ،تاکہ اس طرح کے غیر معقول فیصلے کے نتائج پر غور کیا جاسکے ۔ ہم پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں اور صنعتوں کو متاثر کرنے والے سیاسی فیصلوں کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ویلیو ایڈیشن راتوں رات رات نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے وقت، سرمایہ کاری اور اہم تحقیق کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ایسی مصنوعات تیار کی جاسکیں جو عالمی مارکیٹ کے معیار پر پورا اترے اور صنعتوں کو اس تبدیلی کے لیے تیار کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کان کنی کی 70 فیصد سرگرمیاں نجی شعبہ انجام دیتا ہے جبکہ صرف 30 فیصد کا انتظام پاکستان منرلز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی)جیسے سرکاری ادارے انجام دیتے ہیں جو خود کان کنی کے لیے نجی ٹھیکیداروں پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ ایک تہائی اقلیت سب کے لیے فیصلے کرتی ہے ،چاہے وہ سب کے مفاد میں ہو یا نہ ہو۔انہوں نے تجویز دی کہ صنعتوں پر اثرانداز ہونے والے فیصلے سیاسی مفادات کی بجائے ایک منظم طریقہ کار کے ذریعے کیے جانے چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں