کھاد کی خریداری کے لئے یو جی اے آئی ایپ متعارف
کراچی(بزنس ڈیسک)کاشت سے کٹائی تک حل فراہم کرنے والی پاکستان کی ممتاز فرٹیلائزر کمپنی اینگرو فرٹیلائزرزنے سرکاری قیمتوں پر کمپنی سے کھادوں کی براہِ راست خریداری کے ذریعے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پاکستان کا پہلا مربوط ایگری ای کامرس پلیٹ فارم UgAi متعارف کرایا ہے۔
پہلے مرحلے میں سندھ کے کسانوں کیلئے مفت UgAiایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کو مستقبل قریب میں ملک بھر میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے ۔ UgAi ایپ کے ذریعے اینگرو فرٹیلائزرز اپنے گوداموں سے کسانوں کو ان کے فارمزکے رقبے اور ضرورت کے مطابق براہِ راست کھاد فراہم کرے گی جس سے کسانوں کو کھادوں کی بلاتعطل دستیابی، معیاری قابلِ اعتماد مصنوعات اور آسان ترسیل سے فائدہ ہوگا۔ براہِ راست خریداری کی خصوصیت کے علاوہ UgAiفصلوں کی درستگی کے ساتھ نگرانی کرنے ، اِن پُٹ لاگت کو کم کرنے اور فصل کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے جدیدڈرون ٹیکنالوجی اور سیٹلائیٹ منظر کشی کو بھی مربوط کرتی ہے ۔ سندھ کے صوبائی وزیرِ زراعت سردار محمد بخش خان مہر UgAiایپ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔اس موقع سردار محمدبخش خان مہرنے اینگرو فرٹیلائزرزکے اس نئے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ کمپنی کے اس اقدام نے ملک کی کاشت کار کمیونٹی کیلئے نئے معیارات قائم کیے ہیں۔ اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور نے کسانوں کی بہتری اور پاکستان کے غذائی تحفظ کوبڑھانے کیلئے حکومتی اقدامات کو سپورٹ فراہم کرنے کے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اینگرو فرٹیلائزرز ایسے انوویٹو اقدامات شروع کرنے میں سب سے آگے ہے اور ان اقدامات سے کاشت کاروں کو فائدہ بھی پہنچتا ہے۔