این بی پی کا نیشنل کلاؤڈ ڈیٹا سینٹر کے قیام کیلئے ہواوے سے معاہدہ
کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان نے جدید ترین نیشنل کلاؤڈ ڈیٹا سینٹرکے قیام کیلئے ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان (لمیٹڈ )کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کردیے ۔
ایم او یو کو ہواوے کنیکٹ 2024گلوبل کانفرنس کے دوران حتمی شکل دی گئی۔ دونوں اداروں کے درمیان اشتراک کا مقصد ٹیئر3 سرٹیفائیڈ ڈیٹا سینٹر میں جدید ترین کلائوڈ سروسز شامل کرکے این بی پی کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے ۔ہواوے بروقت نفاذ، جاری آپریشنز اور مین ٹیننس کے حوالے سے معاونت کو یقینی بنانے کیلئے سرکردہ ٹیم فراہم کریگا۔ اس کے علاوہ این بی پی کے نمائندے منصوبے کے تمام مراحل کو موثر طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تربیت حاصل کریں گے ۔ این بی پی کے چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی گروپ (آئی ٹی جی)، امین مانجی، اور سی ای او، ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان ( پرائیویٹ)جایتھان سن نے ایم او یو پر دستخط کئے جبکہ صدر این بی پی رحمت علی حسنی بھی دستخطی تقریب میں شریک تھے ۔رحمت علی حسنی نے کہا کہ یہ شراکت داری جدید ترین ٹیکنالوجی کا اختیار کرنے کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے جس سے ہماری آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔