ڈالر کی قدر بڑھ گئی،تولہ سونا 700روپے سستا
کراچی(خبرایجنسیاں)پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 277 روپے 85 پیسے ہو گئی ۔ انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 73 روپے 97 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 736 روپے 91 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 721 روپے 66 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 906 روپے 76 پیسے اور قطری ریال کی قدر 76 روپے 20 پیسے ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 277 روپے 40 پیسے اور قیمت فروخت 278 روپے 90 پیسے ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ۔پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کی کمی ہوئی ،جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 87 ہزار 200 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح 10گرام سونا 600 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 46 ہزار 228 روپے کا ہوگیا،اس کے علاوہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 2 لاکھ 25 ہزار 709 روپے ہو گئی۔عالمی بازار میں سونا 07 ڈالر اضافے کے بعد 2777 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 900 روپے اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد سونا تاریخ کی بلند ترین سطح 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے پر پہنچ گیا تھا۔