اسٹاک ایکسچینج :انڈیکس92ہزارکی بلند سطح چھوکر واپس

 اسٹاک ایکسچینج :انڈیکس92ہزارکی بلند سطح چھوکر واپس

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں پیر کوزبردست تیزی کا رجحان رہا۔کے ایس ای 100انڈیکس1078 پوائنٹس یا 1.19 فیصد اضافے سے 91938 پر بند ہوا۔اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن 101ارب روپے اضافے سے 11ہزار 809ارب روپے ریکارڈ کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں پیر کا کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ پہلے ہاف میں کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 میں اتار چڑھائو دیکھا گیا، لیکن بیلز اپنی گرفت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے اور انڈیکس کو ریکارڈ 92 ہزار کی سطح کے قریب پہنچا دیا۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔ او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایس این جی پی، ایس ایس جی سی اور ایچ سی اے آر سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاکس میں مثبت رجحان رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیزی دیکھی گئی ۔شیئرز بازار میں آج 58 کروڑ 95 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 29 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مجموعی طور پر 445 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 258 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 140 میں کمی اور 47 میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں