جے ایس بینک اور بینک اسلامی کے درمیان اشتراک

جے ایس بینک اور بینک اسلامی کے درمیان اشتراک

کراچی(بزنس ڈیسک)جے ایس بینک اور بینک اسلامی نے پاکستان بھر میں گھریلو ترسیلات زر کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے ۔

اس اشتراک کے ذریعے جے ایس بینک، بینک اسلامی کے برانچ نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان بھر میں وصول کنندگان کو فوری ، محفوظ اور آسانی سے ترسیلات زر کی رقم نکالنے میں سہولت فراہم کرے گا۔یہ اشتراک کراچی میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر طے پایا جس میں دونوں اداروں کی سینئر قیادت نے شرکت کی جن میں بینک اسلامی کے ڈپٹی سی ای او عمران شیخ اورجے ایس بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف ملک شامل تھے ۔اس اشتراک سے دونوں بینکوں کے مشترکہ نیٹ ورک کی مجموعی تعداد 780 سے زائد برانچز تک پہنچ گئی ہے ، جو ملک بھر میں اسٹریٹجک مقامات پر واقع ہیں اور بیرونِ ملک سے ترسیلات زر وصول کرنے والوں کے لیے محفوظ، باسہولت رسائی کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ شراکت پاکستان میں مالیاتی رسائی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔اس موقع پر جے ایس بینک کے گروپ ہیڈ انویسٹمنٹ، انٹرنیشنل اور ٹرانزیکشن بینکنگ سید جعفر رضا نے کہا کہ ترسیلات زرملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بینک اسلامی کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ، ہم ان ضروری فنڈز کی رسائی اور دستیابی کو بڑھا رہے ہیں، جو ملک بھر میں وصول کنندگان کیلئے فائدہ مند ہیں۔ بینک اسلامی کے گروپ ہیڈ آف ٹریژری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فیصل انور نے کہا کہ ہمارا اتحاد مالی شمولیت کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے جس سے تمام افراد کو اہم مالی خدمات تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ شراکت داری ہمارے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت ہم پاکستان بھر کی کمیونٹیز کو بلاامتیاز سود سے پاک بینکاری کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں