اسٹاک ایکسچینج :نیا ریکارڈ:انڈیکس 94ہزارکی بلند سطح پربند
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے کاروباری روز ہیوی اسٹاکس بالخصوص بینکنگ اور توانائی شعبوں میں خریداری کے زبردست رجحان کی بدولت بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 94 ہزار کی سطح سے اوپر بند ہوا۔
ماہرین نے کہا کہ کم شرح سود اور کم ہوتے تجارتی خسارے سمیت مثبت میکرو اکنامک اشاریے مارکیٹ کو مثبت رفتار فراہم کر رہے ہیں۔کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ایم سی بی، ایم ای بی ایل، این بی پی، حبکو، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی پی ایل اور ایس این جی پی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں کاروبار ہوا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس836 پوائنٹس یا 0.9 فیصد اضافے سے 94,191.89 پوائنٹس پر بند ہوا۔آل شیئر انڈیکس کاحجم 807.07 ملین سے بڑھ کر 1,084.34 ملین ہو گیا۔حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 31.69 ارب روپے سے بڑھ کر 32.68 ارب روپے ہوگئی۔ورلڈ کال ٹیلی کام 177.39 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، حیسکول پٹرول 59.22ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور ٹریٹ بیٹری لمیٹڈ 47.94 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ۔مجموعی طور پر 465 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 262 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 147 میں کمی اور 56 میں استحکام رہا۔