پی ایف سی نائیجیریا میں بین الاقوامی نمائش میں شرکت کریگی،کاشف اشفاق
لاہور(آئی این پی)پاکستان فرنیچر کونسل نائیجیریا کے شہر لاگوس میں 26 نومبر سے شروع ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرے گی۔
بدھ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ یہ نمائش جدید ڈیزائن کے فرنیچر اور دستکاری کی نمائش کا بڑا پلیٹ فارم ہے جس میں دنیا بھر سے انڈسٹری لیڈرز، مینوفیکچررز اور اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے ۔ پی ایف سی پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے اور جدید ڈیزائن کی مہارت کے شاہکار فرنیچر کی نمائش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنا، نئی عالمی منڈیوں کی تلاش اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینا ہے ۔