ڈالر کی قدر میں اضافہ ،تولہ سونا 700روپے سستا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں جمعرات کو ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان رہا ،ادھرسونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر8پیسے کے اضافے سے 278.04روپے پر جا پہنچا۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 9 پیسے بڑھ کر279.06 روپے ہو گیا۔اسی طرح یورو 1.38 روپے بڑھ کر293.89 روپے اور برطانوی پاؤنڈ 1.93 روپے کی تیزی سے 352.88روپے پر جاپہنچا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 7 ڈالر کی کمی سے 2640ڈالر فی اونس کاہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 700روپے کی کمی سے 2لاکھ 75ہزار 200روپے کاہوگیا،اسی طرح دس گرام سونا 600روپے کی کمی سے 2 لاکھ 35 ہزار 940روپے پر آگیا ۔یاد رہے کہ بدھ کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔