کاٹی نے گیس قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی
کراچی(بزنس ڈیسک)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جنید نقی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی کیلئے گیس ٹیرف میں اضافے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ۔۔
کہ یہ اقدام صنعت اور عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔موجودہ معاشی حالات میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور یہ صنعت و عوام دونوں پر غیر منصفانہ بوجھ ڈالے گا۔ اپنے بیان میں جنید نقی نے کہا کہ اوگرا کو گیس ٹیرف میں کمی کی سفارش کرنی چاہیے تھی کیوں کہ حالیہ عرصے میں یو ایف جی نقصانات میں کمی اور شرح سود میں کمی جیسے عوامل موجود ہیں، جنہیں گیس کے نرخ طے کرتے وقت مدنظر نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس ٹیرف میں اضافہ صنعتوں کو عالمی منڈی میں غیر مسابقتی بنا دے گا اور برآمدات پر منفی اثرات ڈالے گا۔