ٹڈاپ نے آئی سی سی آئی میں سہولت مرکز قائم کر دیا
اسلام آباد(اے پی پی)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے اسلام آباد چیمبرمیں ایک سہولت مرکز قائم کر دیا جس کا مقصد مقامی کاروباری برادری کو عالمی سطح پر اپنے آپریشنز کو وسعت دینے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔
یہ اقدام ٹڈاپ کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور ترقی کو فروغ دینے میں کاروباری برادری کی مدد کیلئے جاری کوششوں کا حصہ ہے ۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سینٹر کا باضابطہ افتتاح ٹڈاپ کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر، آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سابق صدور ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید اور میاں شوکت مسعود نے ٹڈاپ کے ڈائریکٹر اسحاق شنواری کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر محمد نصیر نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی قیادت میں پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش مقام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ٹڈاپ کے اہم اہداف کا خاکہ پیش کیا ۔