سٹاک مارکیٹ :تاریخ ساز تیزی ،4411پوائنٹس کااضافہ
کراچی(بزنس رپورٹر) سیاسی ڈائیلاگ اور اقتصادی اشاریوں کی مسلسل بہتری سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ایک روزہ کاروبار میں دوسری تاریخ ساز تیزی رونما ہوئی۔
جس سے ہنڈریڈ انڈیکس کی 1لاکھ 10ہزار، 1لاکھ 11 ہزار، 1لاکھ 12ہزار اور 1لاکھ 13ہزار کی 4 حدیں بحال ہوگئیں۔ زبردست تیزی کے سبب وسیع پیمانے پر آئل اینڈ گیس ، بینکنگ ، فرٹیلائزر ،سیمنٹ ، فارما سمیت دیگر شعبوں میں تازہ سرمایہ کاری سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا جس سے ایک موقع پر 4677پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 1لاکھ 14ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا تھا تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4411.27 پوائنٹس اضافے سے 113924.42پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای 30 انڈیکس 1530.50 پوائنٹس اضافے سے 36043.90پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 2417.75 پوائنٹس اضافے سے 71629.87پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 7450.95 پوائنٹس اضافے سے 176941.33 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 14فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 85کروڑ 78لاکھ 34ہزار 976 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 463 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 361 کے بھاؤ میں اضافہ، 62 کے داموں میں کمی اور 40 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سابق ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج امین یوسف نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی تناؤ میں کمی اور معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ،آئندہ مانیٹری پالیسی میں کمی کی توقعات بھی اسٹاک ایکسچینج کا ریکارڈ پلس کردے گی،گزشتہ ہفتے کی نسبت اسٹاک مارکیٹ کا کم بیک خوش آئندہے ۔