اسٹاک ایکسچینج میں 467پوائنٹس کی تیزی ،4ارب خسارہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج تکنیکی درستگی اور پرافٹ ٹیکنگ کے باوجود کاروباری ہفتے کے آخری روزملاجلارجحان رہا۔
100 انڈیکس 467 پوائنٹس کے اضافے سے 117586پوائنٹس پر بند ہوا ، اس دوران سرمایہ کاروں کو 4ارب روپے سے زائد کانقصان اٹھانا پڑاجبکہ 54فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 703پوائنٹس کی تیزی سے ہوا لیکن تیزی رونما ہوتے ہی فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی جس سے ایک موقع پر 1500پوائنٹس کی مندی بھی دیکھنے میں آئی تاہم اس دوران فرٹیلائزر، انوسٹمنٹ بینکنگ آٹو موٹیو سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے جس سے ایک موقع پر 772پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی۔ مارکیٹ میں دن بھرکاروباری سرگرمیاں مندی اور تیزی کے ساتھ دوطرفہ بنیادوں پر جاری رہیں اور سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ ختیار کیا۔ سیمنٹ، پاورجنریشن میں پرافٹ ٹیکنگ اور فروخت بھی دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس 128پوائنٹس بڑھ کر 37065 پوائنٹس پر جبکہ آل شیئر زانڈیکس 20 پوائنٹس کی کمی سے 72843 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 19 پوائنٹس کی کمی سے 181959 پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 10فیصد کم رہا ۔جمعہ کو93کروڑ 57لاکھ 83ہزار 268 حصص کے سودے ہوئے ۔