ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان، سونا ہزار روپے مہنگا
کراچی(بزنس ڈیسک)انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 17 پیسے کی کمی سے 278 روپے 45 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔۔۔
تاہم سپلائی بہتر ہوتے ہی اختتامی لمحات میں ڈالر کی طلب بڑھنے سے ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر مزید 04پیسے کے اضافے سے 278روپے 66پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 07پیسے کے اضافے سے 280روپے 07پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوسری جانب ملک میں سونے کی قیمت میں 1000 روپے اضافے کے ساتھ فی تولہ سونا 2 لاکھ 76 ہزار روپے کا ہوگیا ۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1000 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 76 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔ 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 857 روپے اضافے کے بعد 235,768 روپے سے بڑھ کر 236,625 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 216,121 روپے سے بڑھ کر 216,907 روپے ہوگئی۔