پاکستانی تجارتی وفد رواں ہفتے بنگلہ دیش جائیگا،عاطف شیخ

 پاکستانی تجارتی وفد رواں ہفتے بنگلہ دیش جائیگا،عاطف شیخ

کراچی(این این آئی)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ ایف پی سی سی آئی رواں ہفتے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین اقتصادی، تجارتی اور کمرشل تعلقات میں ٹھوس پیش رفت کے لیے ایک ممتاز ملٹی سیکٹر ایکسپورٹرز کا وفد بنگلہ دیش لے جا رہی ہے۔

وفد کی بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس اور کامرس ایڈوائزر شیخ بشیر الدین سے ملاقاتوں کی بھی امید ہے ۔ عاطف اکرام شیخ نے زور دیا کہ پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان کے لیے وہ اہم سنگ میل حاصل کر سکتی ہے کہ جو سیاسی ڈپلومیسی کے میدان میں مشکل معلوم ہوتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اسی طرح آج کی دنیا میں ممالک اور خطے ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہوئے قریب آتے ہیں؛ جس کے نتیجے میں ان ممالک میں معاشی ترقی اور خوشحالی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ ایف پی سی س آئی کا وفد مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والے 35 سے زائد تاجروں پر مشتمل ہوگا۔ واضح رہے کہ کراچی میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب العالم نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کے دورہ بنگلہ دیش کی سرگرمیوں اور دائرہ کار پر غور و خوض کرنے کے لیے فیڈریشن ہاؤس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ویزوں کے فوری اجراء اور جینوائن پاکستانی تاجروں کو تجارتی فروغ کی سرگرمیوں کے لیے سہولت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں