روئی کے بھاؤمیں مندی کا تسلسل برقرار، اسپاٹ ریٹ میں مزید 300روپے کی کمی
کراچی (این این آئی) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مندی کا تسلسل جاری رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 300 روپے کی کمی کر کے 17000 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔
نیو یارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا۔مقامی اسپنرز پہلے ہی درآمدی روئی کی طرف مائل ہیں، اکا دکا ملز مقامی روئی خرید رہی ہیں وہ بھی زیادہ تر ادھار خرید رہی ہیں۔ جنرز کے پاس روئی کا اسٹاک پڑا ہوا ہے وہ مشکلات میں ہے ۔اپٹمامسلسل EFS کے متعلق حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے ای ایف ایس کی سہولت کی وجہ سے روئی یارن اور کپڑا وافر تعداد میں در آمد ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے EFS کا مسئلہ حل کرنے پر نظر ثانی کررہی ہے ۔ دوسری جانب ٹیکسٹائل اسپنرز درآمدی روئی پر انحصار بڑھاتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے جننگ انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔حکومت نے کپاس کی بحالی کے لئے مخصوص کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری اور جننگ انڈسٹری سے منسلک ماہرین کو شامل کیا گیا ہے ، اگر کمیٹی صحیح طریقے سے حکمت عملی تیار کر کے پالیسی بنائے گی اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا تو وہ ضرور فائدہ پہنچاسکے گی۔