سرمایہ کار معدنی صنعت میں مواقع تلاش کریں، ایم ڈی اوجی ڈی سی
کراچی(کامرس رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے ایم ڈی اور سی ای او احمد حیات لک نے ملکی معدنی وسائل کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر کی دریافت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔
احمد حیات لک نے کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک زبردست معدنی وسائل کا ذخیرہ موجود ہے جو مستقبل کے معدنیات میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا۔ دوسری جانب پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے احمد حیات لک نے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025کے موقع پر سرمایہ کاروں کو یہ دعوت دی کہ وہ ملک کی معدنی صنعت میں اپنے مواقع تلاش کریں، پاکستان کی معدنی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں جو نہ صرف ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان منرل انوسٹمنٹ فورم کانفرنس 8 سے 9اپریل 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں عالمی سرمایہ کاروں اور معدنی صنعت کے ماہرین کو پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع کی پیشکش اور بریفنگ دی جائے گی۔ اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا،معدنی ذخائر کی دریافت اور ترقی کے حوالے سے عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے ۔ احمد حیات لک کا یہ بیان پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم پیغام ہے جس سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں اور ملک کی معیشت میں مزید استحکام آسکتاہے۔