سونیری بینک کو 5,901 ملین روپے بعداز ٹیکس منافع

کراچی(بزنس ڈیسک)سونیری بینک لمیٹڈ کے شیئر ہولڈرزنے منعقدہ اپنے 33 ویں سالانہ اجلاس عام میں 31دسمبر 2024کو ختم ہونے والے سال کیلئے بینک کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری دی۔
اجلاس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین امین اے فیراستہ نے کی جبکہ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرمحتشم احمد اشائی ، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینئر مینجمنٹ کے دیگر اراکین بھی اجلاس میں شریک تھے ۔بینک نے سال2024 میں قبل از ٹیکس منافع 12,638 ملین روپے اور بعد از ٹیکس منافع5,901 ملین روپے حاصل کیا جو سال 2023میں بالترتیب 12,357ملین روپے اور6,075ملین روپے تھا۔ بینک کی فی حصص آمدنی گزشتہ سال کے 5.51روپے کے مقابلے میں موجودہ سال 5.35روپے ریکارڈ کی گئی ۔اجلاس کے دوران شیئر ہولڈرز نے ،بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے سفارش کردہ 17.50فیصدیعنی 1.75روپے فی حصص حتمی نقد منافع کی منظوری دی جو12.50فیصدیعنی 1.25روپے فی حصص کے اعلان کردہ اور اداشدہ عبوری نقد منافع کے علاوہ ہے ۔ اس طرح 31سمبر 2024 کو ختم ہونے والے سال کیلئے کل منافع منقسمہ 30فیصدیعنی 3.00روپے فی حصص ہے ۔ بینک کی خالص سودی آمدنی 24,948 ملین روپے رپورٹ کی گئی جو9.62 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے جبکہ غیر سودی آمدنی4.58فیصد بڑھ کر 6,755 ملین روپے تک پہنچ گئی۔بینک کے نان مارک اپ اخراجات گزشتہ سال کے 15,471 ملین روپے کے مقابلے میں موجودہ سال کیلئے 19,525 ملین روپے رپورٹ کئے گئے ۔31 دسمبر 2023 کے مقابلے میں بینک ڈپازٹس میں4.88فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 31 دسمبر 2024 کو بڑھ کر 543,146 ملین روپے تک پہنچ گئے ۔ سال کے اختتام پر CASA مکس میں بہتری آئی، جو 31 دسمبر 2023 کے 79.60فیصدسے بڑھ کر 82.56 فیصدہوگیا ۔ سال کے دوران قرضوں ،ایڈوانسزاور سرمایہ کاری کیلئے خالص پروویژنزکے ریورسل کی رقم461ملین روپے رہی۔