اسٹاک ایکسچینج:سنہرا ہفتہ،انڈیکس 1,19,900 پوائنٹس پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)افواجِ پاکستان کے فیصلہ کن پیغام نے اسٹاک مارکیٹ کو زبردست تقویت دی ۔اسٹاک ایکسچینج نے رواں ہفتے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی تاریخی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ۔
100 انڈیکس پہلی بار 1,19,900 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر سرمایہ کاروں کو 11.64 فیصد کا منافع حاصل ہوا جو ایک سال کی بلند ترین شرح ہے ۔تجزیہ کاروں کے مطابق افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی پر فیصلہ کن ردعمل، ملکی سیاسی استحکام، اور معاشی پالیسیوں میں واضح بہتری نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دیا جس کے باعث مارکیٹ نے تاریخی تیزی دکھائی۔ہفتے کے دوران انڈیکس میں ریکارڈ 12,000 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ دوسری جانب عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پہلی بار اسٹاک سرمایہ کاروں نے یومیہ 1200 ارب روپے سے زائد منافع کمایا ۔ مجموعی طور پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 1,496 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 14,389 ارب روپے ہوگئی، جبکہ گزشتہ ہفتے یہ 12,893 ارب روپے تھی۔کاروباری سرگرمیاں بھی عروج پر رہیں، جہاں 3 ارب 29 کروڑ حصص کا کاروبار 193 ارب روپے مالیت تک پہنچا۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور ٹیلی کام سیکٹرز میں نمایاں رہی۔مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے ، بشرطیکہ معاشی اور سیاسی استحکام قائم رہے۔