گزشتہ ماہ ٹیکسٹائل برآمدات میں 11.11فیصد کا اضافہ

 گزشتہ ماہ ٹیکسٹائل برآمدات میں 11.11فیصد کا اضافہ

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات نے اپریل 2025 میں سال بہ سال (YoY) کی بنیاد پر 11.11 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا، تاہم ماہ بہ ماہ (MoM) بنیاد پر برآمدات میں محض 0.043 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP)کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اپریل 2025 کے دوران برآمدات کا حجم 1.444 ارب ڈالر رہا، جو اپریل 2024 کے 1.3 ارب ڈالر اور مارچ 2025 کے 1.443 ارب ڈالر کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے ۔مالی سال 2024-25 کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل)میں ٹیکسٹائل برآمدات 14.48 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 13.56 ارب ڈالر تھیں، اس طرح 6.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، صنعتی حلقے اسے شعبے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کردہ نئے ٹیرف اسٹرکچر نے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے ۔ ٹرمپ انتظامیہ نے 57 ممالک سے درآمدات پر 11 سے 50 فیصد اضافی محصولات کا اعلان کیا، تاہم چین کے سوا دیگر ممالک کو 90 دن کی مہلت دے دی گئی ہے ،تاکہ وہ ٹیرف پر مذاکرات کر سکیں۔ فی الحال 10 فیصد کم از کم ٹیرف اور مخصوص شعبوں پر 25 فیصد محصولات نافذ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں