بجٹ آئی ٹی صنعت کی ترقی کی راہ میں بڑا دھچکا قرار

 بجٹ آئی ٹی صنعت کی ترقی کی راہ میں بڑا دھچکا قرار

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن(پاشا)نے وفاقی بجٹ پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی آئی ٹی صنعت کی ترقی کی راہ میں بڑا دھچکا قرار دیا ۔

ایسوسی ایشن کے مطابق بجٹ میں آئی ٹی سیکٹرکے دو نہایت اہم مطالبات کو نظر انداز کر دیا گیاجس کے سنگین معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ پاشا کے بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے ایک جانب مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے آئی ٹی کے ریموٹ ورکرز کیلئے واضح اور قابل عمل ٹیکس فریم ورک متعارف نہیں کروایا جبکہ دوسری جانب آئی ٹی برآمدات کیلئے موجودہ ٹیکس مراعاتی نظام کے تسلسل کو بھی برقرار نہیں رکھا گیا۔ یہ دونوں عوامل آئی ٹی انڈسٹری کی پائیدار ترقی کیلئے نہایت ضروری تھے ۔ پاشا نے خبردار کیا ہے کہ ان پالیسی کوتاہیوں کے باعث پاکستان کو متوقع 700 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی ڈیجیٹل سرمایہ کاری خطرے میں پڑ سکتی ہے جس سے آئی ٹی برآمدات میں متوقع اضافہ رکنے کا خدشہ ہے ،اس کے ساتھ ہزاروں نوجوانوں کی ملازمتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں جو آئی ٹی اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں