بجٹ میں لئے گئے اقدامات ناکافی ہیں ،شرجیل گوپلانی
کراچی(بزنس رپورٹر)سر پرست آعلیٰ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ بجٹ میں لئے گئے اقدامات ناکافی ہیں ،تجارتی و صنعتی شعبے کی مکمل بحالی کیلئے جامع حکمتِ عملی کی مزیدضرورت ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس جیسے اقدامات نے کاروباری برادری اور بالخصوص عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔توانائی بحران سے دوچار پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کومہنگا کرناماحولیاتی اور معاشی ترقی دونوں کے لیے نقصان دہ قدم ہے ،اسکے علاوہ آئی ٹی سیکٹر، جو پاکستان کی برآمدات کا ایک ابھرتا ہوا ستون ہے اسے بھی بجٹ میں نظر انداز کیا گیاہے ،نہ صرف یہ کہ اس شعبے کو کوئی مراعات نہیں دی گئیں بلکہ آئی ٹی پروفیشنلز پر 18 فیصد ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جس پر تاجر برادری نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ علاوہ ازیں،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مزید اختیارات دیے جانے پر بھی تاجر برادری نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔