اوپن مارکیٹ میں ڈالر 32 پیسے مہنگا، 286.40 روپے پر پہنچ گیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 32 پیسے مہنگا، 286.40 روپے پر پہنچ گیا

کراچی(بزنس ڈیسک)بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے دباؤ اور قبل از بجٹ معطل شدہ درآمدی شپمنٹس بڑھنے سے ڈالر سپلائی کی بہ نسبت ڈیمانڈ زائد ہونے سے گزشتہ ہفتے بھی روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔ہفتہ وار کاروبار میں روپے کی بہ نسبت صرف پاؤنڈ کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔

خام تیل کی عالمی قیمتوں میں بتدریج اضافے کا رحجان بھی روپے کی قدر پر اثرانداز رہا، افراط زر بتدریج بڑھنے کے خدشات بھی زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہے ۔ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر، یورو، ریال درہم میں اضافہ ہوا، پاؤنڈ کی قدر میں کمی واقع ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور یورو کی قدر میں اضافہ ہوا، پاؤنڈ میں کمی آئی اور ریال و درہم مستحکم رہے۔ ایک ہفتے میں ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ کے درمیان فرق بڑھ کر 2.44 روپے ہوگیا۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 24پیسے بڑھ کر 283.96 روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 32پیسے کے اضافے سے 286.40 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب کراچی میں سونے کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ 24 قیراط فی تولہ سونا 3,56,000 روپے اور 22 قیراط فی تولہ سونا 3,26,332 روپے پر برقرار رہا، یعنی گزشتہ روز کے مقابلے میں نہ اضافہ ہوا نہ کمی ۔ اسی طرح گزشتہ چند دنوں میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ضرور آیا تھا، جیسے 3 جولائی کو 24 قیراط فی تولہ سونا 1,200 روپے مہنگا ہو کر 3,54,800 روپے سے 3,56,000 روپے تک پہنچا تھا، لیکن آج استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں