اسٹاک ایکسچینج:تیزی کا زور ٹوٹ گیا،39ارب خسارہ
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں جاری ریکارڈ تیزی کی لہر بالآخر دم توڑ گئی، مسلسل جاری تیزی کے موقع کو غنیمت جانتے ہوئے سرمایہ کاروں نے دوران ٹریڈنگ حصص فروخت کرنے کو ترجیح دینا شروع کی۔۔۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا آغاز 121 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 33 ہزار 524 پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے تو ہوا تاہم کچھ ہی دیر بعد100انڈیکس تنزلی کی جانب بڑھتا رہا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 1 ہزار سے زائد پوائنٹس مائنس ہوکر 1 لاکھ 33 ہزار کی نفسیاتی حد سے گر کر 1 لاکھ 32 ہزار 326 پوائنٹس کی حد تک ٹریڈ ہوا۔ دوران ٹریڈنگ انڈیکس کی کم ترین سطح 1 لاکھ 32 ہزار 326 پوائنٹس رہی۔ مسلسل 7 ٹریڈنگ سیشن میں تقریباً 12 ہزار پوائنٹس بڑھنے والا 100 انڈیکس مسلسل گھٹ کر 826 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 32 ہزار 576 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس 292.66 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 358 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 204 پوائنٹس گھٹ کر82 ہزار 983 پوائنٹس پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 39 ارب کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 16 ہزار 88 ارب روپے ہوگیا۔ گزشتہ روز 90 کروڑ 57 لاکھ 43 ہزار مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 30 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد رہا۔ مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 199 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 254میں کمی اور 24میں استحکام رہا۔